اسلام آباد میں امریکہ سمیت 4غیر ملکی سفارتخانوں کو کم قیمت اراضی دینے کی سمری وزیراعظم کو ارسال

اسلام آباد (ثناءنیوز) وفاقی دارالحکومت مےں چار غیر ملکی سفارتخانوں کو اضافی اراضی کی قیمت مےں کمی کرنے کے حوالے سے سی ڈی اے نے ایک سمری تیار کر کے منظوری کےلئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ارسال کر دی ہے۔ امریکہ سمیت چار غیر ملکی سفارتخانوں نے سی ڈی اے سے لی گئی اراضی کی قیمت مےں کمی کرنے کےلئے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی، ذمہ دار ذرائع کے مطابق جن چار غیر ملکی سفارتخانوں کو سی ڈی اے نے ایڈیشنل اراضی دی ہے ان مےں امریکہ 8.5ایکڑ جبکہ ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کو ایک ایک ایکڑ اراضی دی گئی ہے اور اراضی کی قیمت فی سکوائر یارڈ 800ڈالر مقرر کی گئی ہے تاہم چاروں غیر ملکی سفارتخانوں نے سی ڈی اے کی جانب سے اراضی کی قیمت مقرر کرنے مےں کمی کےلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے درخواست کی تھی کہ سی ڈی اے سے اراضی کی قیمت کم کی جائے جس پر وفاقی حکومت نے سی ڈی اے انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ اس بارے مےں رپورٹ دیں جس پر سی ڈی اے انتظامیہ نے ایک سمری وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو ارسال کر دی ہے۔ اگر وزیراعظم نے کمی کی منظوری دے دی تو پھر سی ڈی اے قیمت کم کرے گی تاہم ابھی تک وزیراعظم نے سمری کی منظوری نہیں دی ہے۔