قائمہ کمیٹی آئی ٹی کا اجلاس‘ پی ٹی سی ایل ملازمین کو پنشن ادائیگی کی تفصیلات طلب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اے این پی کے سینیٹر شاہی سید کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی سی ایل کے ملازمین کی پنشن اور اس میں اضافے کے معاملے پر غور کیا۔ پی ٹی سی ایل حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ملازمین کو اضافی پنشنز دی جارہی ہیں۔ چیئرمین کمیٹی شاہی سید نے کہا کہ بہت دکھ ہے کہ ملازمین کو پنشنز کے معاملے میں تنگ کیا جارہا ہے۔ ملازمین نے محنت سے کام کیا ہے‘ یہ پنشن ان کا ذریعہ معاش ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود پنشنز نہیں دی جارہیں۔ سیکرٹری وزارت آئی ٹی نے کہا کہ پنشن میں ساڑھے 7فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پنشن کے واجبات جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ کمیٹی ارکان نے کہا کہ ہمیں آپ پر اعتبار نہیں‘ دستاویزات پیش کریں۔