داعش کی موجودگی کے بیان نے تشویش میں مبتلا کر دیا: سراج الحق
اسلام آباد + لاہور (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کہتی ہے کہ داعش کا ملک میں کوئی وجود نہیں، دوسری طرف آئی بی کے سربراہ کا داعش کی موجودگی کے حوالے سے بیان نے قوم کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ملک میں داعش کی موجودگی کے حوالے سے متضاد خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے، ریاستی اداروں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہے، حکومت پانی سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے بنانے پر توجہ دے، مالاکنڈ کے دریا سے 4ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت پانی سے بجلی بنانے والے منصوبوں پر توجہ دے، مالاکنڈ کے دریاﺅں سے چار ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ دریں اثناءسراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور ادارے ایک پیج پر آئیں اور قوم کی پریشانیوں کا حل تلاش کریں۔ ادارے حکومت بناتی ہے اور حکومت ہی کی نگرانی میں ادارے کام کرتے ہیں، دونوں مشترکہ لائحہ عمل بنائیں تاکہ ملک میں غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو سکے۔ دینی جماعتیں آئین اور جمہوریت کا احترام کرتی ہیں اور آئینی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے نظام کی اصلاح چاہتی ہیں، ہم دینی اداروں اور مدارس کے نظام تعلیم کی اصلاح کے حامی ہیں، حکومت دیگر تعلیمی اداروں کی طرح دینی اداروں کو بھی سہولیات دے اور سرپرستی کرے۔
سراج الحق