وزیراعظم کسی صورت استعفیٰ نہیں دینگے یہ پارلیمنٹ کا متفقہ فیصلہ ہے: امیر حیدر ہوتی

اسلام آباد  (اے پی پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں، سڑکوں پر موجود فریقین قانون کی بالادستی پر یقین نہیں رکھتے، وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو بھلا کر سیلاب متاثرین کے لئے کام کریں۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دھرنا دینے والوں کے پانچ مطالبات مان لئے ہیں تاہم وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر پارلیمنٹ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ کسی صورت استعفیٰ نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ اور وزراء اسلام آباد کی سڑکوں پر ہیں جبکہ وہاں کے عوام خوار ہو رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیڈ لاک میں حکومت نے لچک کا مظاہرہ کیا ہے لیکن دوسری جانب سے بھی مثبت قدم سامنے آنا چاہیے۔ امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پوری پارلیمنٹ یکجا ہے اور کسی بھی غیر آئینی اقدام کے خلاف متحد ہیں۔