آزادی‘ انقلاب میلے کی مقبولیت کم دیکھنے آنے والوں کی تعدادگھٹ گئی

 اسلام آباد(نامہ نگار) آزادی و انقلاب میلے کی مقبولیت میں خاصی کمی ہو گئی، دھرنوں کے شرکاء کا رہن سہن دیکھنے کیلئے آنے والوں کی تعداد بھی کم ہو گئی۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی تعداد تحریک انصاف کے کارکنوں کی نسبت زیادہ ہے لیکن عوامی تحریک کے کارکن بھی اتنی بڑی تعداد میں موجود نہیں ہیں جو آبپارہ میں دھرنے کے وقت موجود تھے، متعدد کارکن اپنے علاقوں کو واپس جا چکے ہیں، دن کے وقت پی ٹی آئی کے کارکن نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں لیکن شام کے وقت تعداد میں کچھ اضافہ ہو جاتا ہے، خیمہ بستی تاحال آباد دھرنے کے اطراف کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں موجود ہیں، ایک جانب لنڈے کا سامان فروخت ہو رہا ہے، شربت بیچنے والے موجود ہیں، دونوں جماعتوں کے بیج، جھنڈے، سٹکر اور ٹوپیاں فروخت کرنے والے بھی موجود ہیں۔