وزیراعظم سے ائرچیف کی ملاقات، آپریشن ضرب عضب میں کارکردگی پر اظہار اطمینان

وزیراعظم سے ائرچیف کی ملاقات، آپریشن ضرب عضب میں کارکردگی پر اظہار اطمینان

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے انتہاپسندی اوردہشت گردی کے خاتمہ میں پُرعزم ہے۔ پاک فضائیہ کی استعداد کارمیں بہتری کیلئے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات منگل کو پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے انتہاپسندوں کے خاتمہ میں پاک فضائیہ کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔ اس ضمن میں وزیراعظم نے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے دوران پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ ہائی ٹیک اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کی شمولیت سے مسلح افواج کی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئیگی۔ وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فضائیہ سے متعلق امورکا جائزہ لیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے فضائیہ کے مستقبل کی بہتری سے متعلق امور میں وزیراعظم کی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔