ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے کی سرتاج عزیز سے ملاقات، پاکستانی ایٹمی پروگرام کی تعریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ثنا نیوز) عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ یوکیا  اماناو نے پیر کے روز وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے خوشگوار ماحول میں منعقد ہونیوالی اس ملاقات کے دوران پاکستان اور عالمی ادارے کے درمیان تعاون کے امور زیر غور آئے۔ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ نے پاکستان کے محفوظ ایٹمی پروگرام کی تعریف کی جبکہ سرتاج عزیز نے پاکستان کے پرامن ایٹمی پروگرام میں عالمی ادارے کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا پاکستان اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان تکنیکی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائیگا۔ دریں اثناء کوسووکے وزیر خارجہ انور ہوشاج نے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی وخارجہ امور سرتاج عزیز سے وفد کے ہمرا ہ دفتر خارجہ میں ملاقات کی جس دوطرفہ تعلقات کے فروغ کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان ٹیکنیکل تعاون کے مزید فروغ کیلئے کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان کے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعمیری اور مفید تعلقات ہیں اور وہ ایجنسی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا رکن ہونے کی حیثیت سے اس کا فیصلہ سازی میں بھی کردار کر رہا ہے۔ یوکیا اومانا 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر غور آئے۔ ملاقات میں وزیراعظم معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری بھی شریک ہوئے۔