پاکستانی پارلیمان مدت پوری کرتی دکھائی دے رہی ہے: امریکی میڈیا

واشنگٹن + اسلام آباد (این این آئی) امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام کو درپیش مشکلات اور قومی نوعیت کے کئی مسائل کے باوجود ملک کی پارلیمان اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرتی دکھائی دے رہی ہے، صدر زرداری نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر اپنے خطاب میں رہنما اصول متعین کریں گے۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق فروری 2008ءمیں منتخب ہونے والی قومی اسمبلی اپنے پانچوں سال میں داخل ہو چکی ہے اور صدر آصف علی زرداری نے نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر اپنے رسمی خطاب کے لئے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس 17 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے استحکام کےلئے ضروری ہے کہ منتخب حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔ جمہوریت کے فروغ کے لئے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایسا ہونے سے آئندہ عام انتخابات میں لوگ جذباتی وابستگی کی بجائے کارکردگی کی بنیاد پر کسی جماعت کے حق یا اس کی مخالفت میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ احمد بلال محبوب نے بتایا کہ موجودہ پارلیمنٹ کی جانب سے الیکشن کمشن کی تشکیل نو اور عبوری حکومت کے قیام کے طریقہ کار کی وضاحت کے علاوہ کمپوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی بنیاد پر ہونے والے آئندہ انتخابات ماضی کے برعکس زیادہ شفاف ہونے کی توقع ہے۔ اپوزیشن اور حکومت مل کر ایک چیز پر متفق ہوئے ہیں کہ نگران حکومت دونوں کی اتفاق رائے سے وجود میں آئے گی۔