نگران وزیراعظم کے لئے پیشکش ہوئی تو غور کروں گا: ڈاکٹر قدیر

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دیگر ہم خیال جماعتوں سے متعلق پالیسی نرم کر کے اتحادکا مشورہ دے دیا۔ اگر انہیں نگران وزیراعظم کیلئے پیشکش ہوئی تو غور کریں گے۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سولو پرواز کے ذریعے تبدیلی ممکن نہیں۔ سیاست میں ضد اور سخت گیری نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے پرویزالٰہی کو ممکنہ قاتل قرار دیا تھا جبکہ صدر زرداری نے مفاہمت کے نام پر انہیں گلے لگا لیا۔ توہین عدالت کیس کے لئے کوئی دلیل موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی کے لئے منتخب اداروں نے قراردادیں پاس کیں لیکن وہ عدالتی فیصلوں کے سامنے نہ ٹھہر سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی چند روز کے مہمان ہیں۔ دوتہائی اکثریت سے قومی مفادات بلڈوز نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ فخر الدین جی ابراہیم کی تقرری جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے۔