مسلم لیگ ن کا عمران خان کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان

مسلم لیگ ن کا عمران خان کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 10 ماہ تک شور مچا کر ملک میں انتشار پھیلایا اور اب پاناما کو بھولنے کی بات کرتے ہیں لیکن ہم ان پر ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔ سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ میں عمران خان کو ایک بار پھر شرمندہ ہونا پڑا‘ تحریک انصاف کی جانب سے ایک نیا مؤقف پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ پاناما کیس کو بھول کر وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کی بات کی جائے، اب آپ پاناما کو بھول جائیں لیکن ہم نہیں بھولیں گے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاناما کیس سے وزیراعظم کا کوئی تعلق نہیں، جھوٹی کہانی کو مزید جھوٹ بول کر پیش نہیں کیا جاسکتا عمران خان کو مایوسی ہوگی، ہم آپ کو پتلی گلی سے بھاگنے نہیں دیں گے، مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خان صاحب کو ہمیشہ عدالتوں کے باہر عدالت لگانے کا شوق ہوتا ہے۔ عمران خان کو جھوٹ بولنے کی عادت پڑ گئی ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ میں عدالت میں ججز اور وکلا کے بجائے عمران خان کا چہرہ دیکھتا ہوں کیوں کہ ان کا چہرہ پاناما کیس کا تھرما میٹر ہے جیسے جیسے کیس چل رہا ہے عمران خان کا چہرہ لٹکتا جا رہا ہے۔ آپ وزیراعظم کو عدالت میں بلانا چاہتے ہیں کسی کی خواہش پر وزیراعظم کو عدالت میں طلب نہیں کیا جاسکتا نوازشریف تو خود آئینی اور عوام کی عدالت میں پیش ہونے پر فخر کرتے ہیں، عدالت جب عمران خان سے ثبوت مانگتی ہے تو وہ اچھل کود شروع کردیتے ہیں اور بغیر ثبوت کے ہی پریس کانفرنس کرتے رہتے ہیں عدالت ثبوت تلاش نہیں کرتی بلکہ ثبوت پر فیصلہ کرتی ہے، عمران خان کے پاس ثبوت نہیں صرف جھوٹ کا پلندہ ہے۔ آنیاں جانیاں نہیں دیکھتی کبھی ملتان ، کبھی کراچی، کبھی کہیں جلسے کرتے ہیں پہلے ثبوت دیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کسی کی انا کی خاطر وزیراعظم کو عدالت طلب نہیں کر سکتی۔ تحریک انصاف والے ہر روز نئی کہانی لے کر آتے ہیں۔ انہیں پتہ ہے جھوٹ سے شرمندگی ہو گی۔ مگر شرم آپ کو آتی نہیں، انوشے رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی جماعت جھوٹے الزامات لگانے میں ماہر ہے لیکن اب عمران خان کے تمام الزامات ایک ایک کرکے زمین بوس ہوتے جا رہے ہیں اور عدالت میں ان کے وکیل بھی بوکھلاہٹ کا شکار نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت میں گپ شپ کرنے آتے ہیں اور تامک ٹوٹیاں مارتے ہیں۔ عمران خان خود کنفیوژ اور تنازعات کا شکار ہیں۔مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے لعن طعن سے اداروںکو نقصان ہورہا ہے، تحریک انصاف کی حالت پانی سے باہر آکر تڑپتی مچھلی جیسی ہے، پہلے کہتے تھے ان کے پاس ثبوت ہیں اب کہتے ہیں الزام ہیں، عوام نے تحریک انصاف کو بار بار مسترد کیا، وزیراعظم نوازشریف کو پاکستان کے عوام نے منتخب کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نعیم بخاری نے انکشاف کیا کہ وہ اسٹپنی وکیل ہیں،اصل وکیل حامد خان ہیں،نعیم بخاری کے جواب پر عمران خان نے اپنا سرپکڑ لیا۔ دانیال عزیز نے کہاکہ تحریک انصاف کے وکیل اپنے رہنما کی طرح بار بار قلابازی کھا رہے ہیں۔