این اے آر سی اراضی کیس: جواب نہ آیا تو آئندہ سماعت پر وزیراعظم کو طلب کرینگے: سپریم کورٹ

این اے آر سی اراضی کیس: جواب نہ آیا تو آئندہ سماعت پر وزیراعظم کو طلب کرینگے: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ نے این اے آر سی نیشنل ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی اراضی پرہائوسنگ سوسائٹی بنانے کے مبینہ منصوبہ سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر اگر کوئی جواب نہیں آیا توعدالت میرٹ پرکیس کافیصلہ کریگی اور وزیر اعظم کو طلب کیا جائیگاجبکہ کیس کی سماعت 18جنوری تک ملتوی کردی ہے۔ منگل کوجسٹس امیرحانی مسلم کی سربراہی میں جسٹس فائزعیسیٰ اورجسٹس مظہرعالم پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر حکومتی وکیل نایاب گردیزی نے عدالت کوبتایاکہ اس اراضی کے حوالے سے سمری منظوری کیلئے وزیراعظم ہائوس کوارسال کردی ہے تاہم ابھی تک اس کاجواب نہیں آیا، جو جواب آیا وہ عدالت میں پیش کردیا جائیگا۔ جسٹس قاضی فائزعیسٰی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کب سے یہ کیس چل رہاہے، اداروں کو تباہ نہ کیا جائے ہمیں بتایاجائے کہ اب تک کوئی جواب کیوں نہیں آیا یہ کوئی بات نہیں کہ بلاوجہ عدالت میں پیش نہ ہوا جائے۔