ڈیڑھ سال گزر گیا، الیکشن ٹربیونلز میں مختلف جماعتوں کے 53 مقدمات زیر سماعت

اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے انتخابی عذرداریوں کی سماعت کرنے والے الیکشن ٹربیونلز میں زیر سماعت مقدمات کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود اب تک 53 مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں سے سب سے زیادہ مقدمات تحریک انصاف کی طرف سے دائر کئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے 18، مسلم لیگ ن کے 12، آزاد امیدواروں کے 10، پیپلز پارٹی کے 4، ق لیگ اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے 3، 3 جبکہ فنکشنل لیگ اورپختونخواہ ملی پارٹی کا ایک، ایک مقدمہ زیر سماعت ہے۔ واضح رہے الیکشن ٹربیونلز کو الیکشن کمیشن کی طرف سے 28فروری تک مقدمات کی سماعت مکمل کرنے کی حتمی توسیع دی جا چکی ہے۔