راولپنڈی: گردوں کی فروخت کے دھندے میں ملوث 3ڈاکٹرز سمیت 4افراد گرفتار

راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی کے علاقے گلزار قائد کے علاقے میں واقع ایک نجی ہسپتال سے انسانی گردوں کی فروخت کے دھندے میں ملوث3 ڈاکٹرز سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ راولپنڈی کے پوش علاقے گلزار قائد میں کچھ لوگ حرا ہسپتال کے نام سے ایک نجی کلینک چلا رہے ہیں جس میں انسانی گردوں کی فروخت کا گھنائونا دھندا کیا جا رہا ہے جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر2 لیڈی اور ایک مرد ڈاکٹر سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ چھاپے کے وقت ایک شخص کا گردہ نکالا جا چکا تھا،3 افراد کے گردے نکالنے کے لئے آپریشن جاری تھے۔ غریب لوگوں کو پیسوں کا جھانسہ دے کر ان کے گردے نکال کر فروخت کئے جاتے تھے، ایک متاثرہ شخص نے بتایا وہ 3 لاکھ روپے کا مقروض تھا اور مجھے گردے کے عوض ایک لاکھ30 ہزار روپے دینے کا کہا گیا تھا۔