سی پیک کے حوالے سے چیمبرز آف کامرس کو اعتماد میں لیا جائے، چیمبرزصدور
راولپنڈی(نیوز رپورٹر ) پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک )کے حوالے سے چیمبرز آف کامرس کو اعتماد میں لیا جائے اور پالیسی فریم ورک میں شامل کیا جائے چکوال میں نیلہ دلہا اور راولپنڈی اسلام آباد میں بھی سی پیک صنعتی زون کا قیام عمل میں لایا جائے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد، جہلم ، چکوال اور اٹک چیمبرزآف کامرس کے صدور نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے موقع پر منعقدہ تاجروں کے اجلاس میںکیا اجلاس کی صدارت راولپنڈی چیمبر کے قائم مقام صدر محمد ناصر مرزا نے کی جبکہ اس موقع پرگروپ لیڈر سہیل الطاف، ایس ایم نسیم ، نائب صدر خالد فاروق قاضی،سابق صدور،فیڈریشن سے ظفر بختاوری، اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید ، جہلم چیمبر کے صدر فرحان رزاق ڈار، اٹک سے مرزا عبدالرحمان اور چکوال سے حاجی نذیر سلطان،بانی قاضی محمد اکبر، مجلس عاملہ کے اراکین اور دیگر چیمبر ممبران بھی موجود تھے قائم مقام صدر محمد ناصر مرزانے چیمبرز کے شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت بننے والے صنعتی زونز کی تعمیر کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اور لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ جہلم انڈسٹریل سٹی میں گیس کنکشن جاری کئے جائیں آر سی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے متبادل راستہ بھی فراہم کیا جائے اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے چیمبرز کی جانب سے مجموعی اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی فیڈریشن اور یو بی جی سے متعلقہ معاملات اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھائے جائیں گے۔