پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے سے مطالبات منوانے والے سینیٹرز نے تاحال کیٹرنگ کے چارجز نہ دئیے

اسلام آباد (آن لائن) سینٹ میں اپوزیشن نے احتجاج کے دوران اپنے مطالبات تو منوا لئے ہیں اب سینٹ میں قائد حزب اختلاف چودھری اعتزاز احسن سے پیسے لینے والے پیچھے پیچھے اور وہ آگے آگے ہیں۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس کیلئے کیٹرنگ والوں نے قالین اور سفید چادریں  اجلاس کیلئے مہیا کیں جو ایک ہفتہ کے قریب  استعمال کئے گئے اسکے چارجز 30 ہزار روپے تھے لیکن اپوزیشن کی جانب سے یہ پیسے  تاحال نہیں ملے۔ کیٹرنگ والوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپوزیشن  لیڈر کے چیمبر کے بار بار چکر  لگائے ہیں تاحال وصولی نہیں ہوئی۔ آن لائن نے سینٹ میں قائد حزب اختلاف چودھری اعتزاز احسن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انکے چیمبر  میں ان سے ملاقات نہ ہوسکی اور نہ ہی ان سے موبائل فون پر رابطہ  ہوا۔