مارچ میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمشن نے چیف سیکرٹری سندھ کو آج طلب کرلیا

اسلام آباد (ثنا نیوز) الیکشن کمشن نے سندھ میں مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی خبروں کا نوٹس لے لیا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ آج بدھ کو الیکشن کمشن میں طلب کر لئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں تحریری طور پر وضاحت کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے خط کے ذریعے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر 18جنوری کو انتخابات کرانا چاہتے ہیں لہٰذا چیف سیکرٹری سندھ الیکشن کمشن آکر شیڈول کو حتمی شکل دیں۔ دوسری جانب بلدیاتی الیکشن مارچ میں کرانے کیلئے سندھ حکومت نے الیکشن کمشن کو خط لکھا ہے۔ خط میں حلقہ بندیوں اور رولز میں ترامیم سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا۔