قومی اسمبلی میں شیخ رشید، جمشید دستی، زین الٰہی پر مشتمل حقیقی اپوزیشن گروپ تشکیل

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں تین رکنی اپوزیشن کا نیا گروپ قائم ہو گیا یہ گروپ  عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد، آزاد ارکان جمشید دستی اور زین الٰہی پر مشتمل ہے جسے حقیقی اپوزیشن گروپ کا نام دیا گیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بہت جلد 5ارکان قومی اسمبلی اس گروپ میں شامل ہو جائیں گے جس سے ان لوگوں کا منہ بند ہو جائے گا جو عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ارکان کو ایک سیٹ ایک ووٹ کا تحفہ دیتے رہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں کوئی جماعت حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کر رہی۔ پارلمینٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کا گٹھ جوڑ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے پارلیمنٹ میں حقیقی اپوزیشن کہیں نظر نہیں آ رہی۔ قومی اسمبلی میں حقیقی اپوزیشن گروپ کی تشکیل کے باوجود ان کا تحریک انصاف سے اتحاد قائم رہے گا۔