چینی سفیر کی عبدالقادر بلوچ سے ملاقات، وزیراعظم ریلیف فنڈ کیلئے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا

اسلام آباد (اے پی پی) چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے  وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سے ملاقات کی اور شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کیلئے قائم وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں  چینی  سفارت خانہ کے ملازمین کی جانب سے 50 لاکھ روپے مالیت کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں چینی عوام کے ساتھ تعاون کرتا رہا ہے  ،اسی طرح  چینی عوام بھی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لئے چینی حکومت نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاکستان پر مہاجرین کا اضافی بوجھ ہے لیکن حکومت پاکستان اس چیلنج سے بخوبی نمٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔