چیئرمین نیب نے لاہور میں نجی ہائوسنگ سکیم کے شہریوں سے 500 ملین روپے کے فراڈ کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد (آئی این پی ) چیئرمین نیب قمر الزمان چودھری نے نجی ہائوسنگ سکیم کی طرف سے شہریوں سے 500 ملین روپے کے فراڈ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہریوں کو ان کی لوٹی ہوئی رقوم کی واپسی کے لئے چیئرمین نیب نے تحقیقات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بدھ کو ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے لاہور میں نجی ہائوسنگ سکیم کی طرف سے شہریوں کو جعلی پلاٹ دے کر ان سے 500 ملین روپے لوٹنے کا نوٹس لیا۔ نیب کے ریجنل دفتر لاہور کو ہائوسنگ سوسائٹی کے 900متاثرین کی طرف سے رقوم واپس دلانے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی پنجاب نیب سے ہائوسنگ سوسائٹی فراڈ سکینڈل کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ طلب کر لی۔ ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے ایل ڈی اے کو 1200 کنال اراضی کی ملکیت ظاہر کرتے ہوئے این او سی حاصل کیا تھا تاہم شہریوں کو کئی ہزار کنال اراضی کے جعلی پلاٹ فروخت کئے گئے۔