وزیراعظم نواز شریف کی تعلیم بی اے، انکی ملکیت کوئی گاڑی ہے نہ گھر، بینک بیلنس بھی کوئی نہیں

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی تعلیمی قابلیت بی اے، پیشہ زراعت اور سیاست لکھا ہے جبکہ ان کی ملکیت کوئی گاڑی، کوئی گھر اور نہ ہی کوئی بینک بیلنس ہے۔آن لائن کو موصول دستاویزات کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مالی سال 2012ء میں 24لاکھ49ہزار556روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا اور اسی سال 12لاکھ35ہزار747روپے کا زرعی ٹیکس ادا کیا اور نواز شریف نے 2012ء میں ہی 26کروڑ 16 لاکھ 59ہزار 27روپے کے اثاثے ظاہر کئے ہیں۔مزید دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نوازشر یف کے پاس کوئی بیرون ملک اثاثے نہیں ہیں اور نہ ہی پاکستان کے اندر اور باہر کوئی کاروبار ہے اور نہ ہی کہیں کاروباری سرگرمیاں ہیں۔دستاویزات کے مطابق انکی ملکیت میں کوئی گاڑی نہیں ہے اور نہ ہی انکے پاس زیورات، بینک اکاؤنٹ،بیرون امداد،ذاتی اخراجات، بینک قرضے سمیت دیگر تفصیلات کے فارم میں درج خانے کو خالی چھوڑا گیا ہے۔