وزیراعظم نواز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات ستمبر کے دوران امریکہ میں ہو گی

اسلام آباد(اے این این) وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب  نریندر مودی کی ملاقات ستمبر میں امریکہ میں ہو گی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات کے لئے سفارتی سطح پر شیڈول طے کیا جائے گا۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور جامع مذاکرات سمیت تمام امور پر بات ہو گی،مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے کی کوشش کی جائے گی۔سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف 13ستمبر سے امریکہ کے دورے پر روانہ ہونگے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے69ویں اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ جنرل اسمبلی کا اجلاس 16ستمبر سے شروع ہو گا اور 29ستمبر تک جاری رہے گا۔وزیر اعظم نواز شریف  جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر نواز شریف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔  امریکی صدر بارک اوباما اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ہونے والی ملاقات بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مودی کی اس ملاقات کے حوالے سے دونوں ملکوں میں اتفاق ہے تاہم ملاقات کی تاریخ اور وقت کا تعین سفارتی سطح پر کیا جائے گا۔اس حوالے سے خفیہ سفارت کاری کے ساتھ ساتھ باضابطہ طور پر بھی سفارتی چینلز بروئے کارلائے جارہے ہیں اور اگلے ماہ پاکستان بھارت سیکرٹری خارجہ کی ملاقات پراتفاق ہوچکاہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی قیادت چاہتی ہے کہ زیادہ توجہ تجارتی امور اور عوامی سطح پر روابط پر مرکوز کی جائے جبکہ پاکستانی حکام چاہتے ہیں کہ کشمیر،سیاچن اور سرکریک کے ایشوز پربھی بامعنی مذاکرات کئے جائیں۔