عمران خان کو تمام معاملات پر پارلیمنٹ کے فورم پر بات کرنی چاہئے: خواجہ آصف

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کو تمام معاملات اور مسائل پر پارلیمنٹ کے فورم پر بات چیت کرنی چاہئے، یوم آزادی پر تحریک انصاف کے ریلی میں لوگ شرکت نہیں کریں گے، مشرف کا فیصلہ عدالت کریگی،  تمام اداروں کو اپنے دائرہ کے اندر کام کرنا چاہئے۔ سورج‘ ہوا، پانی‘ کوئلہ اور دیگر وسائل کے ذریعے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو چکی ہے، نیلم‘ جہلم اور منگلا و تربیلا کے اگلے فیز سے کافی توانائی حاصل ہو گی،  پانی اور بجلی کے شعبوں میں کرپشن کو ختم کیا جائیگا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے شعبوں میں چوری کو کنٹرول کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ گھریلو اور کمرشل طلب کو پورا کرنے کے لئے بجلی پر بڑی رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ قائداعظم شمسی توانائی کے منصوبے سے جنوبی پنجاب کے عوام کو فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری برادران، شیخ رشید اور طاہرالقادری جمہوریت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، ان کے پاس مایوسی کے سوا کچھ نہیں۔  نواز شریف سیاست میں ہر آزمائش سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں، سازشوں کے باوجود 3 بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ بعض سیاسی رہنما جمہوریت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔  ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔  وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ہر قسم کی صورتحال کا جرات مندی سے سامنا کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کی صدارت میں امدادی کارروائیوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات پرویز رشید، ریاستوں اور سرحدی امور کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے شرکت کی وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے اجلاس میں امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میںخواجہ آصف نے کہا کہ حکومت نقل مکانی کرنے والوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ متاثرین کو خوراک رہائش اور طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ 70فیصد متاثرین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے جبکہ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر متاثرہ شخص کو 100کلو گرام راشن اور چالیس ہزار روپے امداد فراہم کر رہے ہیں۔