سپریم کورٹ کے ججوں کا فل کورٹ اجلاس، چیف جسٹس ناصر الملک پر اعتماد کا اظہار

سپریم کورٹ کے ججوں کا فل کورٹ اجلاس، چیف جسٹس ناصر الملک پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ کے جج صاحبان  نے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے پر جسٹس ناصر الملک کو مبارکباد دیتے ہوئے  ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں فل کورٹ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف جسٹس ناصر الملک  نے کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے  تمام جج صاحبان  نے ان کو مبارکباد دیتے ہوئے  واضح کیا کہ ان کی قیادت میں سپریم کورٹ  میں انصاف کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔ جج صاحبان نے چیف جسٹس کو یقین دہانی کرائی کہ انصاف کے نظام میں بہتری کی خاطر ان کے ساتھ بھرپور  تعاون کیا جائے گا تاکہ سائلین کو سستا اور فوری  انصاف میسر ہو جس پر چیف جسٹس نے تمام جج صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا وہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور ادارے میں بہتری کی خاطر  اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ چیف جسٹس نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بھی جج صاحبان کی جانب سے مقدمات کی سماعت کر نے کے عمل  اور عزم کو سراہا۔