حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے: وزیر داخلہ

حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے: وزیر داخلہ

 اسلام آباد(اے پی اے)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ امریکہ میں زیرحراست ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اسلام آباد میں چودھری نثارعلی خان سے ملاقات کی اور ان ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی میں معاون ہو سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر ہیں اور وزارت داخلہ تمام پہلوؤں کا قانونی جائزہ لے رہی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اعتماد ظاہر کیا کہ حکومت کے سنجیدہ اقدامات ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی میں بارآور ثابت ہوں گے۔ باہمی گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے انہیں ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے سلسلے میں حکومتی اقدامات کے متعلق بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان واپس لانے کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے، انہیں امید ہے  یہ کوششیں جلد ہی رنگ لائیں گی۔