توقع ہے افغان صدارتی الیکشن کے امور آئین و قانون کے مطابق حل ہو جائیں گے: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخاب کے حوالے سے تمام امور کو پر امن طریقے سے آئین و قانون کے مطابق حل کر لیا جائے  گا۔ پر امن ، مستحکم اور ترقی یافتہ افغانستان خطے کی ترقی اور امن کے لیے اہم ہے۔ پاکستان افغانستان میں پر امن انتقال اقتدار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے اپنے بیان میں کہا کہ  پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے پاکستان نے تمام ممکنہ کوششیں کی ہیں۔ اس حوالے سے ہم نے انتخابات کے پانچ اپریل کو پہلے اور چودہ جون کو دوسرے مرحلے کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے اور پاکستان تسلسل کے ساتھ یہ کہہ رہا ہے کہ افغان عوام کے جمہوری انتخاب کا احترام  کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شروع ہی سے کہا ہے کہ افغان صدارتی انتخاب افغانستان اور ان کے انتخابی اداروں  کا اپنا  معاملہ ہے۔