امریکی سفیر کی ملاقات، توانائی حکومت کی اولین ترجیح ہے: اسحق ڈار

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ توانائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے، اس حوالے سے حکومت تیز رفتار منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ مقامی وسائل استعمال کرتے ہوئے درآمدات اور مہنگے وسائل پر انحصار کم کیا جاسکے، امید ہے عالمی  برادری بے گھر افراد  کی مدد کیلئے  آگے بڑھے گی جبکہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ خطے میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے امریکہ پاکستان سے شراکت داری جاری رکھے گا، امریکہ اقوام متحدہ کے ساتھ ملکر شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے متاثرہ عوام کی امداد کررہا ہے اور حکومت پاکستان کی جانب سے بے گھر متاثرہ افراد کو گندم کی فراہمی میں ہاتھ بٹا رہا ہے۔ امریکی سفیر نے وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے اقتصادی امور اور پاک امریکہ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو مطلع کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد رواں برس اکتوبر میں واشنگٹن ڈی سی میں کیا جائے گا، کانفرنس کی میزبانی مشترکہ طور پر حکومت پاکستان اور یو ایس ایڈ کریں گے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ کرم تنگی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ (منصوبہ) اس لحاظ سے اہم منصوبہ سمجھتا ہے کہ جس سے قبائلی علاقہ جات کے عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اولسن نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔