میرے بھائی کا ایان علی سے کوئی بھی تعلق ثابت ہوا تو سینٹ رکنیت چھوڑ دونگا: رحمن ملک

میرے بھائی کا ایان علی سے کوئی بھی تعلق ثابت ہوا تو سینٹ رکنیت چھوڑ دونگا: رحمن ملک

اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ اگر میرے بھائی کا کسی قسم کا بھی کوئی تعلق ماڈل ایان علی کیساتھ ثابت ہوا تو میں سینٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیدونگا۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سعودی عرب یمن کا معاملہ حل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کو اِن کیمرہ بریفنگ دی جائے یا پھر آل پارٹیز کانفرنس بلا کر اِن کیمرہ بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اسلامی ممالک میں وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں میں اسلامی ممالک کے سفیروں سے ملاقات کررہا ہوں۔ انہوں نے نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ پارلیمنٹ میں ایک دوسرے سے جھگڑا کرنے کی بجائے سعودی عرب اور یمن کے مسئلے کا حل نکالا جائے۔