مستحکم اور پرامن پاکستان بھارت کی ترقی کیلئے ضروری ہے: بھارتی ہائی کمشنر

مستحکم اور پرامن پاکستان بھارت کی ترقی کیلئے ضروری ہے: بھارتی ہائی کمشنر

اسلام آباد (آن لائن) بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھون نے بھارت کی ترقی کے لئے پرامن پاکستان کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا نئی دہلی کی اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ضروری ہے ۔ بھارتی ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں ریسرچ اور سکیورٹی مرکز ( سی آر ایس ایس ) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ ایک مستحکم پڑوسی بھارت کی اقتصادی ترقی کے لئے لازم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ترقی کی بلند ترین شرح 2004 سے 2008 کے درمیان تھی یہ عرصہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نسبتاً پرسکون تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران ، چین ، فرانس ، رو س ، برطانیہ اور امریکہ اور جرمنی کے درمیان جوہری مذاکرات میں پیش رفت جنوبی ایشیاء میں تعاون کے نئے مواقعوں کا راستہ کھولے گی۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے ساتھ بطور تجارتی پارٹنر کے برتائو کرنا دونوں کے لئے اہم قرار دیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات اگلی سارک سربراہ کانفرنس کے دوران موجودہ تعطل سے نکل کر آئے بڑھیں گے۔ انہوں نے بعض حلقوں کی جانب سے ممبئی دہشت گرد حملے اور سمجھوتہ ایکسپرس بم دھماکے میں مماثلت تلاش کرنے کے رویئے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ہی برے تھے تاہم ایک سرحد پار دہشت گردی کا معاملہ تھا جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس بھارت میں رونما ہونے والا واقعہ تھا۔