تمام ڈسکوز کی ٹیکنیکل لاس سٹڈیز جون تک مکمل کرلی جائیں گی

اسلام آباد (عترت جعفری) ملک کے تمام ڈسکوز کے ٹیکنیکل لاس سٹڈیز جون تک مکمل کرلی جائیں گی۔نیپرا مالی سال 2015-6 کے ٹیرف کا تعین نقصانات کے اس مطالعات کی بنیاد پر کرے گی۔سرکاری دستاویز کے مطابق گیس یوٹیلٹیز ایس ایس جی پی ایل‘ ایس این جی پی ایل کی تشکیل نو اور کمپنیوں کو حصوں میں تقسیم کرنے کے لئے مشیروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دونوں گیس کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماہ رواں میں گیس نقصانات میں کمی کے لئے منصوبہ تیار کریں اور گیس چوری کی سطح جو اس وقت 11.4 فیصد ہے میں کمی لائی جائے۔عالمی بینک کے تعاون سے گیس ایفی شینسی پراجیکٹ پر کام شروع کیا گیا ہے یہ منصوبہ جون میں تیار کرلیا جائے گا۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے ذمہ قرضوں کے بوجھ کو 2019ء میں جی ڈی پی کے 60فیصد کے مساوی لایا جائے گا۔