ای سی سی: یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 5 روپے کلو سستی، رمضان میں 13 اشیا کی قیمتیں 10 روپے تک کم کرنے پر غور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گوادر پورٹ فری زون کیلئے ٹیکس ہالیڈے 20 سال سے بڑھا کر 23 سال کردی ہے۔ اس سلسلے میں چائنا اوورسیز پورٹ کمپنی لمیٹڈ نے درخواست کی تھی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ ای سی سی نے 6 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی معیاد 15 جولائی تک بڑھا دی۔ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے امریکہ میں ایکویٹی کی بنیاد پر کھاد بنانے کا کارخانہ لگانے، این ٹی ڈی سی کو ڈیوس الزگن لمیٹڈ کیلئے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کرنے اور وزارت پٹرولیم کو مانیٹرنگ اینڈ ایلوویشن رپورٹ ویب سائٹ پرجاری کرنے کی اجازت دیدی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق چینی کی برآمد میں جولائی تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قبل ازیں چینی کی برآمد کی اجازت 31 مارچ تک تھی۔ ایل این جی کی درآمد سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ ایل این جی کی سپلائی پر بھی ٹیکس 5 فیصد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیٹ نیوز کے مطابق اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی پرسبسڈی بحال کرنے پر غور کیا گیا۔ وزارت صنعت نے چینی پر 5 روپے فی کلو سبسڈی کی تجویز دی۔ اجلاس میں رمضان ریلیف پیکیج کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں 13 اشیاء کی قیمتوں میں 5 سے 10 روپے کمی کی تجویز پر غور کیا گیا۔ رمضان ریلیف پیکیج پر 16 جون سے عملدرآمد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔