سندھ حکومت ناچ گانوں میں مگن‘ تھر کے معصوم بچے بھوک سے مر رہے ہیں: عمران

سندھ حکومت ناچ گانوں میں مگن‘ تھر کے معصوم بچے بھوک سے  مر رہے ہیں: عمران

اسلام آباد (اے این این) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تھر پارکر میں قحط زدہ شہریوں کی حالت زار پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا سندھ  حکومت کلچر کے فروغ کے نام پر ناچ گانے میں مصروف ہے جبکہ دوسری طرف ہزاروں شہری غذائی قلت کا شکار جبکہ معصوم بچے بھوکے مر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں  انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں جنم لینے والے بدترین المیے کی ذمہ دار براہ ِ راست سندھ حکومت ہے جس کی انتظامی نااہلی کی وجہ سے 100 سے زیادہ شہری جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں بدترین  صورتحال کا شکار ہو چکے ۔  تمام تر وسائل کے باوجود سندھ حکومت کا تھرپارکر کے عوام کو بھوک اور قحط کے حوالے کرنا انتہائی قابل مذمت ہے اور اس سے سندھی عوام پر مسلط وڈیروں کا طرزحکومت بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا غریب سندھیوں کو بھوک اور موت کے حوالے کر کے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت ہفتوں جشن منانے میں مصروف رہی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف  نے کہا گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ کے وسائل پر قابض حکمرانوں نے صوبے میں عوام کی بہتری کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ کراچی میں لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں تو دیہی سندھ میں بھوک اور افلاس بے چارے شہریوں کی جانیں لے رہی ہے۔