بینظیر قتل کیس: ایف آئی اے پر اسیکیوٹر کا سکیورٹی نہ ملنے تک مقدمہ کی پیروی سے انکار

بینظیر قتل کیس: ایف آئی اے پر اسیکیوٹر کا سکیورٹی نہ ملنے تک مقدمہ کی پیروی سے انکار

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)بینظیر قتل کیس میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چودھری اظہر نے سیکورٹی ملنے تک مقدمے کی پیروی سے معذرت کر لی ، وکلاء اور گواہوں کی عدم پیشی پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ بینظیر قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج اسماعیل پرویز جوئیہ نے کی ۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر چودھری اظہر نے سیکورٹی کی عدم فراہمی پر عدالت میں درخواست دائر کر دی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماضی میں پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔عدالتی حکم کے باوجود سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی ۔ سیکورٹی ملنے تک مقدمے کی پیروی نہیں کر سکتا۔ عدالت نے شہادتیں قلمبند کرانے کیلئے پانچ گواہوں کو طلب کر رکھا تھا تاہم کوئی بھی وکیل اور گواہ عدالت پیش نہیں ہو سکا ۔ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے بائیس مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔