وزیراعظم آزاد کشمیر کی آرمی چیف سے ملاقات، آپریشن متاثرین کیلئے 4 کروڑ کا چیک دیا

وزیراعظم آزاد کشمیر کی آرمی چیف سے ملاقات، آپریشن متاثرین کیلئے 4 کروڑ کا چیک دیا

راولپنڈی (این این آئی) آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے گذشتہ روز جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور شمالی وزیرستان آپریشن متاثرین کے لئے 4 کروڑ ر وپے کا امدادی چیک انہیں پیش کیا اس موقع پر چودھری عبدالمجید نے کہا کہ پوری قوم آئی ڈی پیز کو ملکی دفاع و سلامتی کے لیے اپنے گھر بار چھوڑنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ ہے۔ انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ گذشتہ روز آزاد کشمیر حکومت نے امدادی اشیاء کی ایک کھیپ آئی ڈی پیز کو بھجوائی اور یہ امداد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ چاہتی ہے اور وہ اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ قبل ازیں کشمیر ہائوس میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چودھری عبدالمجید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر مکمل ہڑتال کر کے"کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ" ہے کے دعوے کی ایک مرتبہ پھر قلعی کھول دی۔ ہڑتال پوری ریاست میں ہوئی جس سے بھارت سے آزادی پر قومی اتفاق پھر دنیا کے سامنے آگیا ۔ بھارت کے دانشور اور سول سوسائٹی بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر سے اپنے غیر قانونی قبضہ ختم کرنے کے لئے دبائو ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اب بھی طاقت کا استعمال کر کے کشمیریوں کو ان کے حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے کہاکہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں کے دل نہیں جیت سکتا۔ بھارت جتنے مرضی اقتصادی پیکج دے ریل لنک کو ریاست میں پھیلائے کشمیریوں کی ایک ہی مشترکہ آواز ہے۔ بھارتی تسلط سے آزادی۔ کشمیریوں کے دل اور روح پاکستان کے ساتھ ہیں۔