متحدہ کا جلسہ فوج کا مورال بلند کرنے کیلئے تھا، مشرف کہاں سے بیچ میں آ گیا: سینیٹر زاہد

اسلام آباد (این این آئی) اے این پی کے رہنما سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا جلسہ فوج کا مورال بلند کر نے کیلئے تھا ٗ پتہ نہیں پرویز مشرف کہاں سے بیچ میں آگیا ٗ آئین کی خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہیے ۔ایک انٹرویو میں سینیٹر زاہد خان نے کہاکہ لوگ کہتے ہیں جمہوریت کو خطرہ ہے مگر بتاتے نہیں ہیں کہ کہاں سے خطرہ ہے؟ ملک میں جب بھی انارکی پھیلتی ہے سسٹم جام ہوتا ہے تو اس سسٹم کے بدلے کچھ نہ کچھ ضرور ہوتا ہے آپ اس حوالے سے پاکستان کی تاریخ دیکھ سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس وقت فوج دہشتگردوں سے لڑ رہی ہے اور ان دہشتگردوں کی ایک بڑی تعداد داڑھی منڈوا کر اور بال کٹوا کر شہروں میں آ گئے ہیں ایسی صورتحال میں ہم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔