خورشید شاہ کے دور میں حاجیوں کیلئے 9 کروڑ روپے کے موبائل فونز کی خریداری میں بے قاعدگیاں ہوئیں، آڈٹ رپورٹ

اسلام آباد (آئی این پی) وزات مذہبی امور کی آڈٹ رپورٹ میں پیپلزپارٹی دور حکومت میں سابق وزیر مذہبی امور خورشید شاہ کے دور میں حاجیوں کیلئے 9 کروڑ مالیت کے 90 ہزار موبائل فونز کی خریداری میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ 89 لاکھ روپے مالیت کے 8900 موبائل فونز وزارت مذہبی امور کے ڈائریکٹوریٹ میں بے کار پڑے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق حج آپریشن 2012ء کیلئے پاکستان ٹیلی کیمونیکشن موبائل لمیٹڈ سے ایک ہزار روپے فی موبائل کی قیمت پر خریدنے کا پرپوزل حج فلائٹس کے دوران تیار کیا گیا، من پسند کمپنی کو نوازنے کیلئے حج ویلفیئر فنڈ رولز 1990کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موبائل فونز کی خریداری کیلئے نہ تو کوئی اشتہار دیا گیا اور نہ ہی کھلی بولی ہوئی۔