متحدہ محاذ اساتذہ کا 15 جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان

راولپنڈی (آئی این پی) متحدہ محا ذ اساتذہ نے بھی بجٹ کے خلاف 15جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ محاذِ اساتذہ پنجاب کے چیئرمین طارق محمود ،پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد صفدر، مصعب، پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر حافظ غلام محی الدین، پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر رانا سلطان محمود اختر اور سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے سابق صدر حافظ عبدالناصر، دیگر عہدیداران نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ" تعلیم بچائو تحریک"طلباء کی اسلامی خطوط پر کردار سازی کے لئے راہ ہموار کرے گی۔ وفاقی بجٹ نے سرکاری ملازمین باالخصوص اساتذہ کو شدید مایوس کیا ہے۔ اساتذہ توقع کررہے تھے کہ امسال تمام ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نئے پے سکیلز ریوائز کئے جائیں گے مگر7.5%نے امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ مہنگائی کے اس دور میں اساتذہ کے لئے جسم وجاں کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے۔