جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں‘ مشاہد اﷲ خان

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے وزارت کے جنگلات اور وائلڈ لائف محکمہ کو پاکستان کی پہلی قومی وائلڈ لائف پالیسی کی تشکیل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان متنوع جنگلی زندگی کی سر زمین ہے جو ماحولیات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان میں جنگلی حیات موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ،غیر قانونی شکار اور درآمد ،غیر صحتمند غذا اور غیر مستحکم تجارتی استعمال کے مختلف خطرات کا سامنا کرتے ہیں ۔پاکستان کی جنگلی زندگی کے تحفظ کے لیے اقدامات نا گزیر ہیں۔وفاقی وزیر نے 15 دسمبر 2017 ء کو تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کو اجلاس کے لئے بلایا ہے اور اُمید کی جاتی ہے کہ قومی وائلڈ لائف پالیسی موجودہ حکومت کی مدت کے دوران صوبوں کے تمام وائلڈ لائف قانون سازی میں ترمیم کے طور پر کام کرے گی ۔