پاک بحریہ نے سی ٹی ایف 150 کی قیادت رائل آسٹریلین نیوی کے سپرد کردی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان نیوی نے کثیر القومی مشترکہ ٹاسک فورس سی ٹی ایف 150کی قیادت رائل آسٹریلین نیوی کے سپر د کردی ہے۔ اس سلسلے کی ایک پروقار تقریب بحرین میں واقع کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی جس کے دوران پاک بحریہ کے رئیر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے CTF-150کی کمانڈ رائل آسٹریلین نیوی کے کموڈور میلکم کے ایم وائز کے سپرد کر دی۔ تقریب کی صدارت امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے سربراہ اور کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل جان اکیلینو نے کی۔تقریب میں رکن ممالک کی اعلیٰ فوجی اور سول شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے آغا ز پر ٹاسک فورس کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر رئیر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے اپنی زیر قیادت CTF-150کی کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتا یا کہ دہشت گردی کا خطرہ ملکی سرحدوں کے پار سرائیت کررہا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ممالک مل کر اس خطرے کا مقابلہ کریں، اقوام عالم کا اتحاد اور آمادگی اس بحری اتحاد کی اصل طاقت ہے جس سے مشترکہ ٹاسک فورسز کے کمانڈرز کو مختلف بحری جہازوں اور عملے کی قیادت کرنے کا نادر موقع میسر آتا ہے۔سبکدوش ہونے والے کمانڈر CTF-150نے آسٹریلیا، فرانس، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور امریکہ کی بحری افواج کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان نیوی کے عرصہء قیادت کے دوران اپنے بحری جہازو ں اور ائیر کرافٹس کے ذ ریعے بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان نیوی عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے دیگر بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ کموڈور میلکم وائز نے کہا کہ CTF-150کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اس موقع پر انہوں نے رئیر ایڈمرل نوید احمد رضوی اور ان کی ٹیم کی بھی تعریف کی۔ کمبائنڈ ملٹری فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمر ل جان اکیلینو نے CTF-150 میں پاکستان نیوی کی خدمات اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پا ک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی سخت محنت کی بدولت ہی کمبائنڈ میری ٹائم فورسزکے زیر نگرانی پانیوں کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنانا ممکن ہوا ہے۔