الیکشن کمیشن کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جارہا ہے‘ کنور دلشاد

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)نیشنل ڈیموکریٹک فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام گزشتہ روز نیشنل ووٹرز ڈے منایا گیاجبکہ اس حوالے سے مرکزی دفتر اسلام آباد میں مرکزی ایڈوائزری کونسل کا خصوصی اجلاس ہوا ،اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیشنل ڈیموکریٹک فائونڈیشن اور سابق وفاقی سیکر ٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کنور محمد دلشاد نے کہا کہ قوم کی قسمت کا فیصلہ ووٹ کے ذریعے ہوتا ہے اور پاکستان میں تبدیلی بھی ووٹ کی طاقت سے ہی ممکن ہے ،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ نئی ٹیکنالوجی لائی جا رہی ہے ،موجودہ الیکشن کمیشن ماضی کی نسبت کافی حد تک آزاد اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے ،انہوں نے کہا کہ الیکشن کو شفاف بنانے اورذیادہ سے ذیادہ ٹرن آئوٹ کے لئے سول سوسائٹی کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر نیشنل ڈیموکریٹک فائونڈیشن پاکستان سہیل نے کہا کہ عوام الناس کو ووٹ کی اہمیت بارے آگاہ کرنے میں میڈیا کا بھی انتہائی اہم کردار رہا ہے،ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی میڈیا اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔اجلاس میںصحافی اور وکلاء برادری کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ماہرین الیکشن نے خصوصی شرکت کی۔