اکرم ذکی نے ہمیشہ پاکستان کی آواز بلند کی‘ راجہ ظفر الحق
اسلام آباد (نا مہ نگار) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ اکرم ذکی نے ہمیشہ پاکستان اور کی آواز بلند کی ،وہ سچے پاکستانی تھے،موجودہ حالات میں پاکستان کے لیے موقع ہے کہ وہ بلا خوف کھل کر اپنا کردار ادا کرے۔پریسٹن یونیورسٹی میں سینئر سفیر اور سیاست دان محمد اکرم ذکی کی یاد میں ادبی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں اسپیکرز نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوئوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوپریسٹن یونیورسٹی میں سابق سیکرٹری خارجہ و سینیٹر سینیئر تجزیہ کار اکرم ذکی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تعزیتی ریفرنس سے ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز،سابق وزیر خارجہ انعام الحق ،اکرن ذکی کی صاحبزادی طاہرہ ذکی ،تاجر رہنماء ظفر بختاور اورپریسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے بھی خطاب کیا۔ راجہ سینیٹر ظفر الحق نے کہا کہ اکرم ذکی مسلمانوں کا درد رکھتے تھے دنیا بھر میں جہاں بھی مسلمانوں کو دبایا جاتا اکرم ذکی ہمیشہ اس پر آواز بلند کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب امریکی صدر نے اپنا سفارتخانہ یروشلم سے بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا تو مجھے بے ساختہ اکرم ذکی یاد آگئے ۔انہوں نے کہا کہ نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں او آئی سی کا اجلاس 13دسمبر کو طلب کیا گیا ہے امید ہے کہ اس اجلاس کے نتیجے میں فلسطین کے حوالے سے بہتر نتیجہ نکلے گا۔جس سے مسلمان امریکہ کی قبیح حرکت کا اجتماعی جواب دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے لیے موقع ہے کہ وہ کھل کر اپنا کردار ادا کرے اور نہ صرف اسلامی دنیا بلکہ تیسری دنیا کے لیے بھی بغیر خوف کے کردار ادا کرے۔راجہ ظفرالحق نے کہا کہ سو سال قبل 1917ء میں بالفور ڈیکلیئریشن کیا گیا اور آج تک اسرائیل کے اہداف کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ایران سعودی عرب تعلقات سب کے سامنے ہیں جو سعودی عرب کو ایک جانب دھکیل رہے ہیں سعودی عرب کو چاہیئے کہ اپنے اندرونی حالات سے نکل کر اپنا وہ کردار ادا کرے جو قدرت نے اسے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں یہ صورتحال زیادہ دیر نہیں رہے گی بلکہ اس میں تبدیلی آئے گی۔آج مرکش سے لے کر انڈونیشیا ء تک مسلمان نوجوان ایک ہی سمت میں سوچ رہے ہیں ان کے درمیان کمیونیکیشن گیپ ختم ہو چکا ہے مسلمانوں کو غیر مسلموں کے مقابلے میں اپنے اندر سے زیادہ خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اکرم ذکی پر لاکھوں کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے ۔اکرم ذکی کے اثاثوں کو نہ صرف زدہ رکھنے بلکہ ان میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز نے کہا کہ محمد اکرم ذکی ایک نامور سفارتکار اور سیاست دان تھے، ان کی غیر ملکی سفارتی و سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اکرم ذکی نے اپنی پوری زندگی پاکستان اور مسلمانوں کے لیے وقف کیے رکھی ۔وہ ایک پکے اور سچے پاکستانی تھے جنہوں نے ہمیشہ عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے کام کیا۔بق وزیر خارجہ انعام الحق نے کہا کہ اکرم ذکی نے بطور سیکرٹری خارجہ دنیا بھر میں پاکستان کی ترجمانی کی اور کبھی بھی پاکستانی مفادات پر سودا نہیں کیا ۔انہوں نے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص ابھارا ۔ پریسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ محمد اکرم ذکی ایک نامور سفارتکار اور سیاست دان تھے، ان کی غیر ملکی سفارتی و سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ریفرنس کے شرکاء نے اکرم ذکی کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔