واپڈا اور تمام بجلی کمپنیوں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیرتوانائی سردار اویس احمدخان لغاری نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مطالبہ پر واپڈا اور تمام بجلی کمپنیوں میںگریڈ ایک تا سولہ کیلئے بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ اس امر کا اعلان انہوں نے گذشتہ روز یہاںواپڈا سی بی اے کے سیکرٹری جنرل خورشید احمد کی قیادت میںآنے والے یونین نمائندگان کیساتھ باہمی اجلاس میں کیا۔ وفد میں آئیسکو اسلام آباد ریجن کے چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل ، وائس چیئرمین طارق نیازی، ایڈیشنل سیکرٹری رمضان خان جدون اور سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد شامل تھے جبکہ سیکرٹری توانائی یوسف نسیم کھوکھرسمیت دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خورشید احمد نے تمام کمپنیوں کے ملازمین کیلئے یکساں حالات کار اور مراعات کی عدم فراہمی،ادارے میں سٹاف کی کمی اور نئی ملازمتوں پر پابندی سمیت کارکنوں کے دیگر مسائل و مشکلات سے وزیر توانائی کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ملازمین کو حسب سابق 2017-18کیلئے بھی بطور بونس ایک اضافی اعزازی تنخواہ دی جائے۔ سردار اویس لغاری نے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے اورصارفین کو فوری خدمات فراہم کرنے کی ضرورت کے پیش نظر گریڈ ایک تا سولہ کیلئے بھرتی پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ فوری طور پر تسلیم کر لیا اوروفد کو یقین دلایا کہ سی بی اے کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے حکومت کارکنوں کی فلاح و بہبود اور صارفین کی بہترسے بہتر خدمت کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔