24فیصد پاکستانی معاشی مشکلات کے باعث ڈاکٹروں کے پاس نہیں جاسکتے‘ گیلپ سروے

اسلام آباد(نا مہ نگار) گیلپ پاکستان سروے میں کہاگیاہے کہ24پاکستانی مالی معاملات اور انتظامی مسائل کی وجہ سے پیشہ ورانہ طبی سہولیات سے فائدہ اْٹھانے کی خواہش رکھنے کے باوجود اس سے استفادہ حاصل نہیں کر پاتے۔گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے کے مطابق جو کہ ملک کے چاروں صوبوں میان منعقد کرایا گیا تھا ، کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں ہر پانچ میں سے ایک جو کہ تقریباً چوبیس فیصد بنتے ہیں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کو صحت کی سہولیات سے مستفید کرانے میں ناکام رہتے ہیں اور معاشی مسائل کے باعث وہ ان سہولیات تک پہنچ ہی نہیں پاتے ہیں۔ سروے میں شریک پاکستانی شہریوں میں سے 24فیصد کا کہنا تھاکہ انہیں جب اپنے گھروالوں کو کسی ڈاکٹر کے پاس لے جانے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو وہ معاشی مسائل کے باعث ایسا نہیں کرپاتے ہیں جبکہ 76فیصد کا کہنا تھاکہ وہ بوقت ضرورت اپنے گھروالوں کو ڈاکٹر کے پاس لے جاتے ہیں۔