اسلام آباد میں قومی میوزیم کی تعمیر کا سنگ بنیاد آئندہ سال رکھا جائیگا‘ عرفان صدیقی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی میوزیم کی تعمیر کے لئے قطعۂ زمین اور مالی وسائل فراہم کردئیے گئے ہیں اور آئندہ برس کے آغاز میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے جمعرات کو جشن آزادی کی 70سالہ تقریبات کے تسلسل میں’’ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ‘‘کے عنوان سے منعقدہ نوادارات کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے ذیلی ادارہ ’ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈمیوزیمز‘ کے زیراہتمام نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بین الاقوامی معیار کا نیشنل میوزیم ساڑھے تین ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا۔ اس مقصد کے لئے حکومت نے ضروری وسائل بھی فراہم کردئیے ہیں جس کے بعد اب اس قومی منصوبے پر کام کا آغاز آئندہ سال ہوجائے گا۔