ملک بھر میں ووٹرز ڈے منایا گیا‘ سرکاری سطح پر تقریبات

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ملک بھر میں قومی ووٹرز ڈے گزشتہ روز منایا گیادن کو منانے کا مقصد عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرناتھا۔اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے خصوصی آگاہی والے بینرز آویزاں کرکے عوام کی توجہ ووٹ کی اہمیت کی طرف سے مبذول کرائی۔ وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں اور ملک کے دور افتادہ علاقوں میںسرکاری سطح پر تقریبات کے علاوہ سول سوسائٹی کی مختلف تنطیموں کی شمولیت کے ذریعے مختلف واکس، سیمینارز اور ورکشاپس کاانعقاد کیا گیا۔ آئندہ عام انتخابات سے قبل قومی ووٹرز ڈے کا منایا جانا انتخابی عمل میں بھر پور عوامی شرکت کو یقینی بنانے کا حامل ہے۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین ووٹرز کے زیادہ سے زیادہ اندراج کو یقینی بنانے کیلئے بھی ایک ملک گیر مہم کا آغاز کررکھاہے جس کے ذریعے ملک بھر سے تمام اضلاع بالخصوص جن علاقوں میں خواتین کے ووٹ کے رجحانات کم نہیں پر خصوصی توجہ مبذول کی جائے گی اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ذریعے خواتین ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے نادرا کا تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے۔