آئیسکو کے 7سب سٹیشن آفیسرز انچارج معطل‘ محکمانہ کارروائی شروع

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)اسلام آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹیو باسط زمان احمد نے7سب سٹیشن آفسیرز انچارج معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کاروائی شروع کردی ہے ، ان آفسران کو لوڈ شیڈنگ شیڈول کی خلاف ورزی پرمعطل کیا گیا ، پاور ڈویژن نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ہدایت کی تھی کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ بجلی کے نقصانات اور وصولی کے نام پر شیڈول کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ معطل کئے جانے والے ملازمین میں 132کے وی گرڈ اسٹیشن سواں کے ایس ایس او انچارج خلیل الرحمان، 132کے وی گرڈ اسٹیشن اڈیالہ کے ایس ایس او ماجد محمود، 132کے وی گرڈ اسٹیشن کینٹ کے ایس ایس او وقار احمد، 132کے وی گرڈ اسٹیشن گوجر خان کے ایس ایس او غلام عباسی ، 132کے وی گرڈ اسٹیشن زیرو پوائنٹ کے ایس ایس او محمد مسکین ، 132کے وی گرڈ اسٹیشن ڈی 12کے ایس ایس او مشتاق احمد اور آر ای زیرو پوائنٹ حامد مسعود شامل ہیں ۔ معطل ہونے والے ان ملازمین وزارت انرجی کے احکامات کی عدم تعمیل پر معطل کیا گیا ہے ۔ وزارت انرجی کی جانب سے پورے ملک کی تمام فارمشینز کو لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے یکساں پالیسی کا پلان بھیجوا گیا تھا جس کا اطلاق 4دسمبر سے کیا گیاتھا،مذکورہ ملازمین کو پی آئی ٹی سی لاہور کی رپورٹ کی روشنی میں معطل کیا گیا ہے ۔ آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو باسط زمان احمد نے کہا ہے کہ فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب ملازمین کے خلاف قوانین کی روشنی میں سخت ترین کاروائی عمل میںلائی جائے گی۔