ووٹز کے اندارج اور درستگی کیلئے ڈسپلے سینٹروں سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے، ملک ابرار

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر ‘گلگت بلتستان و شمالی علاقہ جات کے چئیرمین اور راولپنڈی سے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ ووٹز کے اندارج اور درستگی کے لئے راولپنڈی ضلع بھر میں 1200سے زائد ڈسپلے سینٹروں سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے تا کہ نئے ووٹوں کے اندراج میں مزید آسانی ہوسکے ‘الیکشن کمیشن پولنگ سکیم میں ووٹرز کی سہولت کے لئے قریب ترین پولنگ سٹیشن میںان کے ووٹ کی موجودگی کو یقینی بنائے ۔ وہ جمعرات کو پوٹھوہار ہال میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ووٹر ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب کا انعقاد ڈسٹرکٹ الیکشن کمشن راولپنڈی اور ایس ایس ڈی او کے اشتراک سے کیا گیا ۔ اس موقع پر ضلعی الیکشن کمشنر زاہد سبحانی ‘ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس‘ ضلعی امن کمیٹی کے چیئرمین سید اظہار حسین شاہ بخاری کے علاوہ راولپنڈی شہر و چھائونی کے معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی زاہد سبحانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013کے عام انتخابات میں راولپنڈی کے ووٹرز کی مجموعی تعداد 26لاکھ تھی اور معمول کی ووٹر اندراج مہم کے بعد اب راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 29لاکھ ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق جیسے ہی 18سال عمر مکمل ہونے پر نادرا قومی شناختی کارڈ جاری کرتی ہے تو اسکے کوائف الیکشن کمیشن کو موصول ہوجاتے ہیں جس کے بعد الیکشن کمیشن کی ٹیمیں ڈور ٹو ڈور تصدیقی عمل کے بعد ووٹ رجسٹرڈ کرتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ انتخابات قانون 2017کے مطابق اب ووٹرز اپنے مستقل یا عارضی ایڈریس میں سے کسی بھی ایک آپشن کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ایک ایڈریس پر ووٹ اندارج ‘تبدیلی یا درستگی کراسکے گا ۔انہوں نے بتایا کہ 15دسمبر سے ووٹ اندراج مہم شروع کی جارہی ہے جو کہ 10اپریل تک جاری رہے گی اس میں عوام الناس ‘منتخب عوام نمائندے بھر پور حصہ لیں ۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں 1200ڈسپلے سینٹر بھی قائم کیے جائیں گے جہاں پر ووٹرز سے آویزاں کی جانے والی فہرستوں پر اعتراضات وصول کیے جائیں گے ۔ملک ابرار احمد نے کہا کہ ووٹ کے اندراج کے لئے اگر کوئی سب سے فعال اور موثر کردار ادا کرسکتا ہے تو وہ اراکین پارلیمنٹ اور منتخب بلدیاتی نمائندے ہیں ۔اس عمل میں ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس امر کو بھی یقینی بنائے کہ جب پولنگ سکیم تیار کی جائے تو اس میں ووٹر کے لئے قریب ترین پولنگ سٹیشن رکھا جائے تاکہ ووٹر آسانی سے اپنا ووٹ دے سکے ۔ایس ایس ڈی او کے ای ڈی کوثر عباس نے شرکاء کو ووٹ کی اہمیت ‘بنانے کے عمل ‘الیکشن کمیشن کے قوانین اور دیگر امور کے حوالے سے آگاہ کیا ۔