کاربونیٹیڈ کولا ڈرنکس کی فروخت پر13سکولوں کے کیفے ٹیریاز سیل

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کاربونیٹیڈ کولا ڈرنکس پر عائد پابندی پر مکمل عمل درآمد کی جانچ کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں 589سکولوں کی چیکنگ کی۔چیکنگ کے دوران 13سکولوں کے کیفے ٹیریاز کو قوانین کی خلاف ورزی پرسیل ، 314کو اصلاحی نوٹس اور 12کو ناقص صفائی، مضر صحت اجزاء کے استعمال پرجرمانے کیے گئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز رافیعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کر تے ہوئے بتایاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں سکولو ں کی چیکنگ کی اور کاربونیٹیڈ کولا ڈرنکس فروخت کرنے پر کاروائی عمل میںلاتے ہوئے 13سکولوں کے کیفے ٹیریاز کو سیل کر دیا گیا جبکہ 314کو اصلاحی نوٹس اور12کو جرمانے کیے گئے۔ اے ڈی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے سکولوں میں کاربونیٹیڈ کولا ڈرنکس کی فروخت پرمکمل پابند ی عائدہے۔پابندی کی خلاف ورزی پر راولپنڈی میں 3، گوجرانوالہ میں 2، جھنگ میں 3 سکولوں کے کیفے ٹیریاز کو سیل کیا گیا۔ اسی طرح پنجاب کے بیشترشہروں میںکاروائی کرتے ہوئے بہاولپور، ڈی جی خان اور لیہ میں ایک ایک سکول خلاف ورزی کرتا پایا گیا جس کی بنیادپرسکولوں کی کنٹینزکوسیل کیاگیا۔ جبکہ ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء کی موجودگی پر 12کیفے ٹیریاز کو جرمانے کیے گئے۔