پاک بحریہ نے سی ٹی ایف 150 کی قیادت رائل آسٹریلین نیوی کے سپرد کردی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نیوی نے کثیر القومی مشترکہ ٹاسک فورس سی ٹی ایف 150کی قیادت رائل آسٹریلین نیوی کے سپر د کردی۔ اس سلسلے کی پروقار تقریب بحرین میں واقع کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے رئیر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے CTF-150 کی کمانڈ رائل آسٹریلین نیوی کے کموڈور میلکم کے ایم وائز کے سپرد کر دی۔ تقریب کی صدارت امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے سربراہ اور کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل جان اکیلینو نے کی۔ تقریب کے آغا ز پر ٹاسک فورس کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر رئیر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے اپنی زیر قیادت CTF-150کی کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتا یا دہشت گردی کا خطرہ ملکی سرحدوں کے پار سرائیت کررہا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ممالک مل کر اس خطرے کا مقابلہ کریں، اقوام عالم کا اتحاد اور آمادگی اس بحری اتحاد کی اصل طاقت ہے جس سے مشترکہ ٹاسک فورسز کے کمانڈرز کو مختلف بحری جہازوں اور عملے کی قیادت کرنے کا نادر موقع میسر آتا ہے۔
پاکستان نیوی