اورنج ٹرین ‘ سپریم کورٹ 8 ماہ سے محفوظ فیصلہ آج سنائے گی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں اورنج لائن میٹروٹرین منصوبہ کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، فیصلہ تقریباً آٹھ ماہ قبل محفوظ کیا گیا تھا۔ فیصلہ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ سنائے گا، یاد رہے کہ لارجر بنچ نے 17اپریل 2017 کو فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، واضح رہے کہ وطن پارٹی کے صدر بیرسٹر ظفراللہ خان نے 17نومبر کو سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری برانچ میں مقدمے کے جلد فیصلے کے لیے درخواست بھی دائر کی جس میں مؤقف اختیا رکیا تھا کہ کیس کے فیصلے میں تاخیر کے باعث لاہور شہر کے لاکھوں رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ میٹرو ٹرین منصوبے کی بروقت تکمیل نہ ہونے کے باعث اس کی لاگت میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہونے سے قومی خزانے کو بھاری نقصان بھی پہنچ رہا ہے۔ واضح رہے لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹروٹرین کے راستوں میں آنے والی تاریخی عمارتیں اور مساجد محفوظ بنانے کا حکم دیا تھا۔