تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کاروباری برادری کی بدولت ہی ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے، حکومت کاروباری برادری کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور تاجروں کے جو بھی مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، یہ غلط فہمی ہے کہ حکومت سی پیک کے تناظر میں چینی کاروباری طبقہ کو مراعات دے رہی ہے، ایسا کچھ نہیں ہے صرف ان لوگوں کو کچھ مراعات دی جارہی ہیں جو اپنی انڈسٹری کو چین سے پاکستان منتقل کررہے ہیں ۔ بزنس مین پینل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کوبھی اختیار دیا گیا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر تجارت پرویز ملک سے کہا کہ چیمبرز آف کامرس کے پلیٹ فام سے کاروباری طبقہ سے رابطے میں رہیں اور بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے مسائل کو حل کیا جائے۔ بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار نے مطالبہ کیا ہے سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز کو فعال کیا جائے ۔ ایف بی آر کو ہدایت کی جائے کہ ریفنڈز جلد از جلد ادا کئے جائیں۔دریں اثناء مسٹر لندن صادق خان نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔